
لاہور۔12اگست (اے پی پی):وزیر ا عظم محمد شہباز شر یف نے کہا ہے کہ فنکار معاشرتی اور اخلاقی اقدار کے سفیر ہوتے ہیں جنہیں خود کو منوانے اور معاشرے میں اپنا مقام پیدا کرنے کیلئے بڑی تگ و دو کرنی پڑتی ہے،فلم ،میوزک اور ریڈیو آرکائیوز پالیسی کا اجرا کر د یا ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز گونر ہائوس لاہور میں فلمی صنعت کی بحالی کیلئے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام پاکستان ٹیلی ویژن نے کیا تھا۔اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن ، سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت مریم اورنگزیب،وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان سمیت ملک بھر سے تعلق رکھنے والے فلم و شو بزسے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے فلم اور فنکار کی حوصلہ افزائی کی اور شو بز سے وابستہ افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کو شش کی ہے ،امید ہے کہ عبوری حکومت بھی اس سلسلہ کو جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے ہمسایہ ممالک میں فلمیں اور ڈرامے پسند کئے جاتے تھے،فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے آپ خود کمیٹی بنائیں اور سوچیں کہ کن خطوط پر چلنا ہے تا کہ فلم انڈسٹری میں کھویا ہوا مقام واپس ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ مجھے وہ دن بھی یاد ہے جب یہاں ہم خوبصورت فلمیں اور ڈرامے دیکھا کرتے تھے مگر بد قسمتی سے ایک طویل عرصے تک فلم انڈسٹری نہ ہونے کے برابر رہی،کئی سینما ہالز شادی ہالوں میں تبدیل ہو گئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ثقافت کسی بھی سوسائٹی کا حسن ہوتا ہے،وحید مراد،محمد علی،شبنم،زیبا،مصطفی قریشی،منور ظریف،ننھا،کمال رضوی،معین اختر،عمر شریف ،عرفان کھوسٹ،امان اللہ سمیت دیگر فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے ملک کی خدمت کی اور نام کمایا ہے۔انہوں نے ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری کی لاہور شہر کو خوبصورت بنانے پر تعریف کی جبکہ ان کے بیٹے بلال لاشاری کو کامیاب نئی فلم مولا جٹ بنانے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے جو بھی کوششیں کی ہیں وہ پروان چڑھیں تا کہ فلم انڈسٹری کا کھویا ہوا مقام اسے واپس ملے۔
وزیر اعظم نے شو بز انڈسٹری سے وابستہ افراد سلیم حیدر،شمع ممتاز،بشری صادق،اسد عباس،استاد جعفر حسین میں ہیلتھ کارڈ بھی تقسیم کئے جبکہ شو بز انڈسٹری کے نامور فنکاروں کو بہترین کارکردگی پر آئیکون ایوارڈز سے نوازا جس میں بشری انصاری ،سلطانہ صدیقی ،ہمایوں سعید ،عثمان پیر زاداہ،غلام محی الدین،سنگیتا،خالد عباس ڈار،فواد خان،بلال لاشاری،ریشم،میرا سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔اس موقع پر سابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ،وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات،پاکستان فلم ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذوالفقار سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان ایپ” آواز خزانہ” کا افتتاح بھی کیا۔