دبئی ۔2جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فن و ادب پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی سفارتخانے اور باہی عجمان پیلس ہوٹل کے تعاون سے منعقدہ مشاعرہ میں شرکت کے موقع پر کیا۔ ابو ظہبی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے "ابھی کچھ لوگ باقی ہیں” اور "باہی عجمان پیلس ہوٹل” کے تعاون سے متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں ایک شاندار اردو مشاعرے کا اہتمام کیا جس میں پاکستان کے معروف شعرا نے شرکت کی۔
اس ادبی شام کے بعد کلاسیکی گلوکار استاد شفقّت سلامت علی خان کی دل کو چھو لینے والی غزل نائٹ بھی منعقد ہوئی۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مہمانِ خصوصی کے طور پر اس تقریب میں شرکت کی۔ بو عبداللہ گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر بو عبداللہ، ڈاکٹر راشد علیم اور دیگر معزز شخصیات نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ مشاعرہ نے بڑی تعداد میں سامعین کو متوجہ کیا اور متحدہ عرب امارات بھر سے پاکستانی کمیونٹی اور اردو ادب کے شائقین کو یکجا کیا۔
اپنے خطاب میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شریک شعرا کو خوش آمدید کہا اور اردو ادب میں ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی ادب ایک ایسی معتدل قوت ہے جو قوم کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
مشاعرے کی صدارت ممتاز شاعر عباس تابش نے کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف ادبی شخصیات عمبرین حسیب عنبر اور شکیل جاذب نے انجام دیئے۔ مشاعرے میں شرکت کرنے والے شعرا میں ڈاکٹر صباحت واسطی، عباس تابش، شکیل جاذب، عمبرین حسیب، احمد عطا، احمد سلمان، سعدیہ آفتاب، علی زریون، عمیر نجمی، راکب مختار، ضیاء مذکور، تابش زیدی، ملک عرفان، رضا احمد رضا، سلمان جاذب اور سید جرار شامل تھے۔
تقریب کے کامیاب انعقاد پر شریک منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر ترمذی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سفارت خانہ مستقبل میں بھی اس قسم کی ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور معاونت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعثِ فخر اور خوشی ہے کہ ہم اپنے معروف شعرا کو یو اے ای میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔
فن و ادب، معتدل سفارت کاری کے موثر ذریعہ کے طور پر پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے باہی عجمان پیلس ہوٹل کے جنرل منیجر افتخار حمدانی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی ثقافت اور ادب کو فروغ دینے والی تقریبات کی میزبانی کے لیے مسلسل تعاون فراہم کیا۔
اویس احمد بھٹی اور حماد حسن بھٹی نے ابو ظہبی میں پاکستانی سفارت خانے اور دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کا مخلصانہ شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کے انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604385