فن کوفروغ دینگے ‘فنکار برادری کیلئے فلاحی منصوبوں پر توجہ دینگے‘جمال شاہ

74
Caretaker Federal Minister Jamal Shah
Caretaker Federal Minister Jamal Shah

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا ہے کہ ان کی وزارت فن، ثقافت کو عالمی میدان میں فروغ دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے مثالی اقدامات کرے گی اور فنکار برادری کے لئے مختلف فلاحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل دنیا ٹیکنالوجی کی لپیٹ میں ہے اس لیے ہمیں اپنی ثقافت کے ساتھ ٹیکنالوجی کوجوڑنا ہوگا تاکہ قوم کو نسل در نسل جدید علوم کی طرف راغب کیا جاسکے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے محکمے کی ہر ممکن مدد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی این سی اے، لوک ورثہ، اکادمی ادبیات اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کی اپ گریڈیشن بھی ہمارے ترجیحی شعبوں میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے سماجی امن اور بھائی چارے کے اصولوں کو فروغ دیتے ہوئے فنکاروں کو سماجی تحفظ کے دائرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آرٹ اور کلچر کے فروغ کے ذریعے معیشت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل اور ویژول آرٹ کے فروغ کے لیے کوششیں کی جائیں گی اور لوگوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے لیے پرفارمنگ آرٹ کی بھی سرپرستی کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم تین ماہ کے اندر بروقت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عبوری حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے درکار کسی بھی فرد کے تقرر وتبادلے کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی بھی نگراں حکومت کی اولین ترجیح ہے۔