پشاور۔ 22 فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے پشاور میں بڑی کاروائی کی،اتھارٹی کے ترجمان نے اپنےایک بیان میں بتایا کہ خفیہ اطلاع موصول ہونے پر ڈپٹی ڈائریکٹر پشاورڈویژن ذیشان محسود کی نگرانی میں اتھارٹی کی ٹیم نے پشاور کےعلاقے چوا گجرمیں گھرکے اندرقائم چکن پارٹس کے کارخانے پر اچانک چھاپہ مارا، اس دوران گھرمیں قائم یونٹ سے 8 ہزار2 سو کلو گرام سے زائد غیرمعیاری ، مضر صحت چکن گوشت برآمد کر کے ضبط کر لیا ، فوڈ سیفٹی ٹیم نے چکن پارٹس کی مشینری ضبط کرتے ہوئے مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر تے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ،
واضح رہے کہ چکن گوشت پراسیس کے بعد شہرکے مختلف علاقوں کو سپلائی کیا جانا تھا ، ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی شفیع اللہ خان نے شہریوں کو مضرصحت خوراک کے خلاف بروقت اطلاع کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مضرصحت اشیاء خوردونوش کے کاروبار میں ملوث عناصرکو قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کرینگے، انھوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اس لئے بلا تفریق ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ، شفیع اللہ خان نے مزید کہا کہ اتھارٹی ٹیموں کو سخت ہدایات جاری کی گئیں ہے کہ صحت دشمن عناصرکے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔