اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اچھی صحت کے لئے صاف ستھری، معیاری اور صحت بخش خوراک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوڈ سیفٹی کا بہتر انتظام سب کی ضرورت ہے، اس حوالے سے مقاصد کے حصول کے لئے باہمی تعاون پر مبنی مشترکہ کوششیں کی جانی چاہیئں۔
ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے-2022 کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 7 جون کو دنیا بھر میں فوڈ سیفٹی کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ صحت بخش خوراک کی اہمیت اور غیر صحت بخش خوراک کے انسداد کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ محفوظ خوراک اور بہتر صحت کے لیے خوراک سے پیدا ہونے والے خطرات کی روک تھام، ان کا پتہ لگانے اور ان کے بہتر انتظام کے مختلف طریقوں پر توجہ مبذول کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن خوراک سے پیدا ہونے والے خطرات کی روک تھام، تشخیص اور ان پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کے لیے بھی وقف ہے تاکہ انسانی صحت کو بہتر بنایا جا سکے اور سب کے لیے محفوظ خوراک کی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس دن لوگوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ ہمیشہ صاف ستھری جگہوں سے کھانا کھائیں اور صفائی کے اچھے معیار کو برقرار رکھیں، کھانا ضائع نہ کریں اور اس کے بجائے بھوکوں کو کھانا کھلانے کے راستے اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کی حفاظت بھی پائیدار ترقی کے اہداف کا ایک حصہ ہے جس میں بھوک کو ختم کرنے، غذائیت کو بہتر بنانے، پائیدار زراعت کو فروغ دینے اور غذائی تحفظ کے حصول کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کو خوراک کی حفاظت کے معیارات کو اپنانے کے لیے کثیر شعبہ جاتی تعاون کو فروغ دینا چاہیے، صحت مند اور محفوظ خوراک پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے عوامی معاونت کے پروگرام شروع کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں مضبوط پالیسیاں متعارف کرانا چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو فوڈ سیفٹی کے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے، فوڈ سیفٹی کلچر کو فروغ دینا چاہیے اور خوراک سے متعلق بین الاقوامی اور قومی معیارات کی تعمیل کرنی چاہیے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور کام کی جگہوں پر فوڈ سیفٹی ایجوکیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ خوراک کے انتظام کو فروغ دینے اور فیملیز کو ان کوششوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسی طرح صارفین کو بھی باخبر رکھتے ہوئے کھانے کی حفاظت کے طریقوں کو فروغ دینے اور گھر میں محفوظ خوراک کا انتظام کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم سب کو کردار ادا کرنا ہے، ہر مرحلے پر خوراک کی حفاظت ہمارے ہاتھ میں ہے اور اگر ہم مل کر کام کریں تو بہتر صحت کے لیے محفوظ خوراک کا مقصد حاصل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔