فیصل آباد۔ 07 اگست (اے پی پی):فیسکو طارق آباد سب ڈویژن میں دفتری اوقات کار کے دوران لڑائی جھگڑ ا اورغل غپاڑہ کرنے پر لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین سیکنڈ کو معطل کر دیا گیا اورمعاملے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ طارق آباد سب ڈویژن کے لائن سپرنٹنڈنٹ سیکنڈ محسن وقار اور لائن مین سیکنڈ عبدالماجد اقبال نے دفتری اوقات کے دوران لڑائی جھگڑا، گالم گلوچ کیا اور اس معاملہ کی ویڈیوبنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو کہ محکمہ کی بدنامی کا باعث بنا۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئرمحمد عامر نے اس واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینئر فرسٹ سرکل انجینئر امیر خان کو معاملہ کی تحقیقات کی ہدایات جاری کیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ای امیرخان نے دونوں ملازمین کو فوری طور پر معطل کر دیاجبکہ تمام واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے جو دو دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کر ے گی۔ تحقیقاتی کمیٹی میں ٹیکنیکل آفیسر فرسٹ سرکل اسد علی شاہ کنوینر جبکہ ایکسین شیخوپورہ روڈ ڈویژن رانا فرحان انور ممبرشامل ہیں۔