فیصل آباد۔ 31 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرمحمد عامر کی ہدایت پر فیسکوریجن کے شکایات مراکز میں تعینات عملہ اور فیلڈ سٹاف کو سمارٹ ایپ” سی سی ایم ایس پلس” الیکٹرانک آپریشن کی عملی ٹریننگ مکمل کروادی گئی جبکہ مذکورہ ای آپریشن کی بدولت جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کا ر لاتے ہوئے صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات کا ازالہ بروقت ممکن ہوگا۔
آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ فیسکو اور پی آئی ٹی سی کے تعاون سے الیکٹرانک آپریشن کو فیسکو ریجن میں نافذ کر دیا گیا ہے اورکسٹمرکیئر سنٹر زپر تعینات عملے کی کامیابی کے ساتھ ٹریننگ مکمل کروادی گئی ہے تاکہ فیسکوکے کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کوباآسانی چلایا جائے اورفیسکو سمارٹ ایپ پرموصول ہونے والی شکایات کو الیکٹرانک آپریشن کے ذریعے حل کیاجاسکے۔
اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی) فیسکو عبدالحئی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فیسکو ریجن کے تمام لائن سپرنٹنڈنٹس،لائن مینز، ٹیلی فون اٹینڈنٹ کلرکس اوردیگر متعلقہ سٹاف کو ای آپریشن کے مکمل طریقہ کار کی عملی ٹریننگ کروائی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ صارفین کی طرف سے آنیوالی تمام شکایات سب ڈویژن کے کسٹمر کیئر سنٹر میں موجودکمپیوٹر آپریٹرمتعلقہ لائن مین کو موبائل پر بھیجے گاجس پر لائن مین اپنے موبائل پر موجود” لائن مین ایپ”کے ذریعے گوگل میپ،جی پی آر ایس کے ذریعے صارف کی لوکیشن تک رسائی حاصل کر کے شکایت کا ازالہ کرے گا۔
اسی طرح سی سی ایم ایس پلس میں صارف کو بھی اس کی شکایات کے حل کیلئے آنیوالے لائن مین کو ٹریک کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے آپریشن دفاتر سے رجسٹر میں شکایت کے اندراج کاروایتی طریقہ کارکا خاتمہ اورصارفین کی شکایات کا ڈیجیٹلائزڈ طریقے سے فوری ازالہ ممکن ہو گا۔