فیصل آباد۔ 22 مئی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) میں کام کرنےوالے لاری ڈرائیور کی بیٹی فائزہ فیاض نے بی ایس میتھ میں پہلی پوزیشن لے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔فیصل آباد کی ہونہار طالبہ فائزہ فیاض نے بی ایس میتھ کے سالانہ امتحان23۔2022میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور 3.96/4 سی جی پی اے لے کر گولڈ میڈل بھی اپنے نام کر لیا۔
فائزہ فیاض گورنمنٹ کالج یونیورسٹی برائے خواتین مدینہ ٹاؤن فیصل آباد کی طالبہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ چک نمبر 33 گ ب مصطفی نگر کی رہائشی ہیں اوران کے والد فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی منصور آباد سب ڈویژن میں لاری ڈرائیور ہیں۔انہوں نے میٹرک میں 1100 میں سے 961 اور ایف ایس سی میں 1100 میں سے 925 نمبر حاصل کئے تھے۔فائزہ نے میٹرک تک تعلیم گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ستیانہ اورایف ایس سی مسلم ماڈل سائنس کالج سے حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ محض اللہ کے فضل، ان کے والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں پی ایچ ڈی کرنے اور عملی زندگی میں لیکچرر بننے کی خواہاں ہیں۔