فیسکو نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فوکل پرسنز کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
فیسکونے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال،ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے فوکل پرسنز نامزد کردیئے

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):فیسکو کی جانب سے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فوکل پرسنزکی نامزدگی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ترجمان فیسکو سعید رضا کے مطابق جاری نوٹیفکیشن میں چیف انجینئر (آپریشن) انجینئر محمد منور خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر (ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر) ہیڈکوارٹر سید ثاقب حسین گیلانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشن) ہیڈکوارٹر غلام نبی میمن کواس سلسلے میں فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جو مون سون اور سیلابی صورتحال کے دوران احتیاطی اقدامات کی نگرانی، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے اور ہنگامی کارروائیوں کی مؤثر مانیٹرنگ کے ذمہ دار ہوں گے۔مزید برآں، یہ افسران/فوکل پرسن وزارت توانائی (پاور ڈویژن)، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، فیسکو کی فیلڈ فارمیشنز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور باہمی تعاون کو یقینی بنائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔اسی طرح فیسکو کے تمام آپریشنل سرکلز میں تعینات ٹیکنیکل افسران کو سرکل لیول پرفوکل پرسنز مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی ذمہ داریوں میں ہیڈکوارٹر فوکل پرسنز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنا، مون سون یا سیلاب کے باعث فیسکو کے برقی نظام کو پہنچنے والے نقصانات کا درست ریکارڈ مرتب کرکے بروقت رپورٹ کرنا اور ریجنل ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی نگرانی کرتے ہوئے بجلی کی فوری بحالی کو یقینی بنانا شامل ہے۔فیسکو ترجمان محمد سعید رضا کے مطابق چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ہائی الرٹ رہتے ہوئے فیلڈ ٹیموں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے، حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور صارفین کو بجلی کی بہتر اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انھوں نے کہا کہ فیسکو انتظامیہ نے مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر بجلی کی ترسیل کے نظام کو محفوظ، فعال اور مستحکم رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لئے ہیں تاکہ صارفین کوبجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔








