فیصل آباد۔ 19 فروری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) شعبہ کنسٹرکشن نے فیصل آباد، سرگودھا اورجھنگ کے اضلاع میں جولائی2024 سے جنوری 2025کے دوران33نئے فیڈرز کو814.992ملین روپے کی لاگت سے مکمل کر لیا ہے جن کی تکمیل سے فیسکو کو22.289ملین کلوواٹ آور کی بچت ہو گی جبکہ چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر کی ہدایت پر ریجن بھر میں نئے گرڈز اورفیڈرز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
فیسکو کے ترجمان سعید رضا نے اے پی پی کو بتایا کہ اس سلسلہ میں شعبہ کنسٹرکشن نے پراجیکٹ ڈائریکٹراحمد علی شاہ کی زیر نگرانی نے فیصل آباد میں 310.972ملین روپے کی لاگت سے 15جبکہ 254.847ملین کی لاگت سے جھنگ میں 7اور 208.449ملین کی لاگت سے سرگودھا میں 7جبکہ 41.024ملین کی لاگت سے میانوالی میں 4 فیڈر مکمل کر لئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان نئے فیڈرز کی تکمیل سے نئے کنکشنزبجلی کا تیزی سے اجرا ہو سکے گااورفیسکو کو لاسز میں کمی سے کثیر سرمایہ کی بچت ہو گی اور صارفین کو کوالٹی سروس مہیا ہو گی۔علاوہ ازیں ان فیڈرز کی تکمیل سے آئندہ موسم گرما میں بجلی کی ٹرپننگ اورلووولٹیج جیسی شکایات کا بھی مستقل ازالہ ممکن ہو گا۔