فیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 24 گھنٹوں میں بجلی چور پکڑے گئے، 32 لاکھ27 ہزار جرمانہ

116
Fesco
Fesco

فیصل آباد۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں میں فیسکوریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید47 بجلی چور پکڑلئے جو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے اور انہیں 98ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 32 لاکھ27 ہزار 500 روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں جبکہ مذکورہ تمام بجلی چوروں کے کنکشنزمنقطع کرکے ان کے خلاف متعلقہ پولیس تھانوں میں ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے درخواستیں بھی دائر کردی گئی ہیں۔

فیسکو کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پرفیسکوکی بجلی چوروں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور فیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز دن رات چیکنگ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں اب تک 875بجلی چوروں کو23 لاکھ56ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور10کروڑ79 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔

ضلع جھنگ میں اب تک 242 بجلی چوروں کو9لاکھ سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور 3 کروڑ78لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائد کیاگیاہے۔ ضلع بھکر میں اب تک 245 بجلی چوروں کو6لاکھ 27ہزارڈی ٹیکشن یونٹس اور3 کروڑ22لاکھ روپے جرمانہ عائدکیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع چنیوٹ میں 302بجلی چوروں کو 8لاکھ 60ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور3 کروڑ21لاکھ جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ ضلع خوشاب میں 75بجلی چوروں کو 2 لاکھ67ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ25لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔

ضلع میانوالی میں 284بجلی چوروں کو5لاکھ 86ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور2 کروڑ78 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں 283بجلی چوروں کو7لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3کروڑ20 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ ضلع ٹوبہ میں 194بجلی چوروں کو5لاکھ سے13ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور2 کروڑ61 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران فیسکو ریجن سے ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 2548 بجلی چورپکڑے گئے ہیں اوران بجلی چوروں کو مجموعی طورپر69لاکھ 94ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور31 کروڑ65 لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائدکیاگیاجن میں 2423گھریلو،64کمرشل،56زرعی،اور 5انڈسٹریل کنکشن شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں مجموعی طورپر 2480بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی ہوچکا ہے جبکہ2024بجلی چوروں کو گرفتاراور 14کروڑ62لاکھ سے زائد کی ریکور ی کرلی گئی ہے۔

علاوہ ازیں حکومت پاکستان کی ہدایت پر فیسکوکے نادہندگان سے ریکوری کی خصوصی مہم بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے اورریکوری ٹیمیں بلاامتیازفیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع میں نادہندگان سے واجبات کی وصولی میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں ایک ماہ کے دوران رننگ ڈیفالٹرز سے9کروڑ24لاکھ سے زائد جبکہ مستقل نادہندگان سے اب تک 23کروڑ 94لاکھ سے زائدکے واجبات وصول کرلئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے نادہندگان میں گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ واجبات کی مکمل وصولی تک فیسکوکے نادہندگان کے خلاف یہ خصوصی مہم جاری رہے گی۔