فیسکو کا کریک ڈاؤن جاری، گزشتہ24گھنٹوں میں مزید55 بجلی چور پکڑے گئے

61
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

فیصل آباد۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پرفیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا بجلی چوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور فیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف دن اور رات کے اوقات میں بلاامتیاز چیکنگ کی جارہی ہے جبکہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران فیسکوریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید55بجلی چور وں کو پکڑلیاجو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے اور انہیں ایک لاکھ 93ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 81لاکھ21ہزارسے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں نیزتمام بجلی چوروں کے کنکشنزمنقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آرزکے اندراج کیلئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواستیں بھی دائر کردی گئی ہیں۔

فیسکو کے ترجمان طاہر شیخ نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں اب تک 977بجلی چوروں کو26 لاکھ 65ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور12کروڑ29 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ ضلع جھنگ میں اب تک 289 بجلی چوروں کو10لاکھ 72ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور 4 کروڑ51لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائد کیاگیاہے۔ضلع بھکر میں اب تک 291 بجلی چوروں کو7لاکھ44ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور3 کروڑ82لاکھ روپے جرمانہ عائدکیاگیا ہے۔ضلع چنیوٹ میں 328بجلی چوروں کو 9لاکھ 79ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور3 کروڑ76لاکھ جرمانہ عائدکیاگیاہے۔

ضلع خوشاب میں 92بجلی چوروں کو 3 لاکھ24ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ53لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میانوالی میں 345بجلی چوروں کو7لاکھ 28ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3 کروڑ41 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ضلع سرگودھا میں 334بجلی چوروں کو8لاکھ 30ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3کروڑ62 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ ضلع ٹوبہ میں 237بجلی چوروں کو6لاکھ سے43ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3کروڑ19 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔

نہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران فیسکو ریجن سے39روز کے دوران مجموعی طورپر2933بجلی چوروں کو81لاکھ 33ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور36 کروڑ77 لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائدکیاگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان بجلی چوروں میں 2776گھریلو،81کمرشل،70زرعی،اور 6انڈسٹریل کنکشن شامل تھے جبکہ فیسکو ریجن سے2324بجلی چوروں کو گرفتار اور 17کروڑ92لاکھ سے زائد کی ریکور ی کرلی گئی ہے نیزمجموعی طورپر2818بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کروادئیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں حکومت پاکستان کی ہدایت پر فیسکوکے نادہندگان سے ریکوری کی خصوصی مہم بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے اورریکوری ٹیمیں بلاامتیازفیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع میں نادہندگان سے واجبات کی وصولی میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں ایک ماہ کے دوران رننگ ڈیفالٹرز سے10کروڑ48لاکھ سے زائد جبکہ مستقل نادہندگان سے اب تک 29کروڑ 36لاکھ سے زائدکے واجبات وصول کرلئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے نادہندگان میں گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین شامل ہیں جبکہ واجبات کی مکمل وصولی تک فیسکوکے نادہندگان کے خلاف یہ خصوصی مہم جاری رہے گی۔