فیصل آباد۔ 29 اگست (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودہا، میانوالی، خوشاب، بھکرکی 147 سب ڈویژنز میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز ایک ہی دن میں عوام کی طرف سے اووربلنگ، خراب میٹرز کی تبدیلی، بجلی کے انقطاع، خراب ٹرانسفارمرز اور نیو کنکشنز کی کل1100شکایات موصول ہوئیں جن میں سے1094شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو فیصل آباد انجینئر محمد عامرنے اے پی پی کو بتایا کہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فیسکو ریجن میں صارفین بجلی کے مسائل فوری طور پر ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر دن گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کے مسائل کو باآسانی اوربروقت حل کیا جا سکے جسے صارفین نے بیحد سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیسکوصارفین سے اپیل ہے کہ وہ کھلی کچہریوں میں بھرپورشرکت کریں اور اپنے بجلی سے متعلقہ مسائل کا فوری ازالہ ممکن بنائیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز فیسکو ریجن کے تمام147 سب ڈویژنوں میں کھلی کچہریوں میں عوام کی طرف سے اووربلنگ، خراب میٹروں کی تبدیلی، بجلی کے انقطاع، خراب ٹرانسفارمرز اور نیو کنکشنز کی جو شکایات موصول ہوئیں، ان میں فیسکو فرسٹ سرکل میں کل346شکایات میں سے346کا ازالہ کیا گیا،اسی طرح سیکنڈ سرکل میں 285میں سے274جبکہ جھنگ سرکل میں 77میں سے77، سرگودھا سرکل میں 138میں سے138، میانوالی سرکل میں 112میں سے111 جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل میں 136میں سے136شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے۔