فیصل آباد۔ 20 جون (اے پی پی):فیصل آباد،لاہور، ملتان ڈویژنز میں شکر قندی کی کاشت میں اضافہ ہوگیا ہے اور اوسط پیداوار بھی بڑھ کر 4.8 ٹن فی ایکڑ تک پہنچ گئی ہے۔تحقیقاتی ادارہ برائے سبزیات ایوب ریسرچ فیصل آباد کے ماہرین نے بتایا کہ شکر قندی جسے سویٹ پو ٹیٹو بھی کہتے ہیں کاربوہائیڈریٹ کا ایک انتہائی اہم اور سستا ذریعہ ہے جس سے نشاستہ اور الکوحل بھی تیار کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جہاں شکرقندی کو ابال اور بھون کر کھایا جاتا ہے وہیں اس کے نرم پتے بطور سبزی پکانے اور اس کی بیلیں مویشیوں کی پسندیدہ خوراک کے طور پر استعمال میں لائی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شکر قندی کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں چکنائی اور کولیسٹرول بالکل نہیں ہوتاجبکہ مالٹے اور زرد رنگ کی شکرقندی وٹامن اے کا بھی خزانہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ شکرقندی کی کاشت کیلئے گرم مرطوب آب و ہوا درکار ہوتی ہے اسلئے اسے پنجاب میں فیصل آباد،لاہور، ملتان ڈویژنزسمیت دیگر علاقوں میں رواں ماہ جون کے آخر تک انتہائی کامیابی سے کاشت کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے شکرقندی کی وائٹ سٹار قسم کو بہترین پیداوار کی حامل بھی قرار دیا ہے۔