فیصل آباد،محکمہ زراعت کی افسران و توسیعی کارکنان کو گندم کی فصل کے نمائشی پلاٹس مقررکردہ ہدف اور لے آؤٹ پلان کے مطابق لگوانے کی ہدایت

191
Wheat

فیصل آباد۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈویژنل ڈائریکٹر چوہدری عبدالحمیدنے کہا ہے کہ محکمے کے افسران و زرعی توسیعی کارکنان کو گندم کی فصل کے نمائشی پلاٹس مقررکردہ ہدف اور لے آؤٹ پلان کے مطابق لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے،

اگر کسی جگہ پر زرعی لوازمات، بیج، کھاد، جڑی بوٹی کش زہروں کی دستیابی کے ضمن میں کسی مسئلے کاسامنا ہوتو فوری طورپر متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسرزراعت، اسسٹنٹ کمشنر یا ضلعی انتظامی حکام کوآگاہ کیاجائے تاکہ اس سلسلہ میں فوری اقدامات کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زرعی توسیعی کارکنان سے کہاگیاہے کہ وہ گندم کی بمپر کراپ کے حصول کےلئے مناسب مقامات،دیواروں، برجیوں سائن بورڈز پر گندم کی کاشت کے لئے اہم ماٹوز اور زرعی عوامل واضح طور پر لکھوائیں تاکہ کاشتکاروں تک زیادہ سے زیادہ معلومات پہنچائی جاسکیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت توسیع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلع، تحصیل،یونین کونسلز کی سطح پر کسانوں و کاشتکاروں کیلئے گندم سے متعلق ریفریشر کورسز کااہتمام کریں جن میں زرعی تحقیقی اداروں واڈاپٹو ریسرچ کے ماہرین و سائنسدانوں اور ریسرچ سکالرز کو مدعو کیاجائے تاکہ وہ کاشتکاروں کو گندم کی نئی اقسام و کاشتی امور سے روشناس کرواسکیں۔