فیصل آباد۔ 13 نومبر (اے پی پی):تیز رفتار مزدا ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر، حادثہ میں موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئی، 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائیوو روڈ پر اسماعیل ویلی کے قریب تیز رفتار مزدا ٹرک نے موٹر سائیکل کوٹکر مار دی۔ حادثہ میں موٹرسائیکل سوار خاتون ثناء زوجہ شہزاد جاں بحق جبکہ اسکا شوہر شہزاد اور دو بچے زخمی ہو گئے۔حادثہ کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق 6 ج ب سرگودھا روڈ کا رہائشی شہزاد اپنی اہلیہ ثناء بی بی اور دو بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شہر سے گھر جا رہا تھا کہ ڈائیوو روڈ پر اسماعیل ویلی کے قریب سامنے سے آنے والے مزدا ٹرک کی ٹکرسے بری طرح زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا جہاں پر 34سالہ ثناء بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔