فیصل آباد،کاشتکاروں کودھان کی فصل کو کیڑوں سے بچاؤ کے لئے بروقت اقدامات کی ہدایت

164

فیصل آباد۔ 09 اگست (اے پی پی):پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹراسرار احمد نے کاشتکاروں کودھان کی فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں سے بچاؤ کے لئے بروقت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیڑوں کے زیادہ حملہ کی صورت میں فصل بالکل تباہ ہو جاتی ہے اور کٹائی کے قابل بھی نہیں رہتی۔انہوں نے بتایاکہ حملہ آور کیڑوں میں سب سے زیادہ نقصان دہ کیڑے تنے کی سنڈی، پتہ لپیٹ سنڈی، ٹوکا اور سفید پشت والا تیلہ ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ تنے کی سنڈی زیادہ تر باسمتی اقسام پر حملہ آور ہوتی ہے جبکہ پتہ لپیٹ سنڈی اری اور باسمتی دونوں اقسام پر یکساں حملہ آور ہوتی ہے نیز سفید پشت والا تیلہ عموماً اری اقسام پر زیادہ حملہ آور ہوتا ہے اسی طرح ٹوکا دھان کی پنیری اور فصل دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کاشتکار ان کیڑوں کے انسداد کے لئے کھیتوں کے اندر اور اطراف میں اُگی ہوئی جڑی بوٹیاں تلف کریں اور ان کیڑوں کو دستی جالوں سے پکڑ کر تلف کردیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پتوں پر انڈوں کی ڈھیریوں کو تلف کردیں اور رات کو روشنی کے پھندے لگائیں کیونکہ روشنی کے پھندے ان کیڑوں کے پروانوں کو تلف کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ان کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حدسے تجاوز کرجائے تو کیمیائی انسداد کے لئے زرعی توسیعی کارکن کے مشورے سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال یقینی بنایاجائے۔