فیصل آباد،کاشتکاروں کو مئی کی اگلی فصل کے لئے ترقی دادہ سنتھیٹک اقسام کا بیج رکھنے کی ہدایت

154

فیصل آباد ۔ 05 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے مکئی کی برداشت کے بعد کاشتکاروں کو چھلیاں اچھی طرح خشک کرنے اور اگلی فصل کے لئے مکئی کی ترقی دادہ سنتھیٹک اقسام کا بیج رکھنے کی ہدایت کی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار مکئی کی اگلی فصل کے لئے ترقی دادہ سنتھیٹک اقسام ساہیوال 2002، ایم ایم آر آئی ییلو، پرل اور اگیتی 2002 وغیرہ کا بیج رکھنے کی غرض سے ایسے کھیتوں کا انتخاب کریں جن کے ارد گرد تین تین ایکڑ تک مکئی کی کوئی دوسری قسم کاشت نہ کی گئی ہو ورنہ بیج خالص نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہائبرڈ بیج تیار کرنے والے کھیتوں سے صرف مادہ لائنوں سے ہی چھلیاں توڑی جائیں اور انہیں الگ خشک کرکے اگلی فصل کے لئے محفوظ کرلیاجائے۔انہوں نے کہا کہ جب مکئی کی فصل کٹائی کے لئے تیار ہو جائے تو چھلیاں پودوں سے نکال کر چبوتروں پر پتلی تہہ میں پھیلا دی جائیں اور بعد میں ان کو الٹتے پلٹتے بھی رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ موسم گرماکے دوران درجہ حرارت زیادہ ہوتاہے اس لئے چھلیوں کے خشک ہونے میں زیادہ سے زیادہ 3دن لگ سکتے ہیں لہٰذا چھلیاں خشک کرنے میں بڑی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے خاص کروہ چھلیاں جن سے اگلی فصل کے لئے بیج رکھنا مقصود ہوتو ان کو سایہ دار جگہ میں خشک کرنا بہت بہتر ہوگا۔