فیصل آباد،کاشتکاروں کو پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

12
Chapin pumpkin harvest
Chapin pumpkin harvest

فیصل آباد۔ 18 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت فوری شروع کرکے اسے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے کے ماہرین نے کہاہے کہ کاشتکار پچھیتی کاشت میں تاخیر سے گریزکریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وسط جولائی تک کاشت کی صورت میں پیٹھاکدو کاپھل اکتوبر میں پک کر تیار ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ فصل کی کاشت کے لئے پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کاانتخاب بہترین نتائج کا حامل ہو سکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پیٹھاکدوکی پچھیتی کاشت کے وقت کھیت میں 2سے3 مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ چلائیں اور پٹڑیاں بنانے کے لئے 1/4 میٹر پر نشان لگائیں اور نشانوں کے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر کے فاصلے پر 3بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم نائٹریٹ ملاکر بکھیر دیں اور پٹڑیاں بنالیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ایک ایکڑ کھیت کے لئے ایک کلوگرام بیج کو پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر ایک ایک میٹرکے فاصلے پر بوئیں۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔