فیصل آباد۔ 13 مارچ (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹرچوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں کو گھیاکدو کے پودوں کی بروقت چھدرائی اور3 سے4پتے نکالنے پر ایک جگہ پر اگے ہوئے ایک سے زائد پودے بھی نکالنے کامشورہ دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ جب گھیا کدو کے پودے تین سے چار پتے نکال لیں تو ان پودوں کا درمیانی فاصلہ مناسب رکھنے کےلئے ایک جگہ پر ایک سے زیادہ اگے ہوئے پودوں کو نکال دیں اورچھدرائی میں تاخیر نہ کریں کیونکہ تاخیر سے اکھاڑنے پر بچ جانے والے پودے بھی بری طرح متاثر ہو تے ہیں جس سے ان کی بڑھوتری، افزائش نسل و پیداوار پر منفی اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گھیا کدو کی آبپاشی کابھی خاص خیال رکھیں اور پہلا پانی کاشت کے فوراً بعد جبکہ اس کے بعد ایک ہفتہ کے وقفہ سے پانی لگاتے رہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی جگہ پر بارش ہو جائے تو اس صورت میں گھیا کدو کے کھیتوں کو پانی لگانے کا دورانیہ بڑھایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے بھی تین سے چار مرتبہ گوڈی کریں اور ہر دوسری چنائی کے بعد گوڈی کرنے سے کھیت نہ صرف جڑی بوٹیوں سے پاک رہے گا بلکہ پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے گوڈی کرنے کے بعد پودوں کے گرد مٹی چڑھانے کی بھی ہدایت کی۔