فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو فصل میں اجزائے کبیرہ وصغیرہ کے بروقت و مناسب استعمال کی ہدایت کی ہے۔ کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے کہاہے کہ نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاشیم پر مشتمل اجزائے کبیرہ اور آئرن، زنک، بوران پر مشتمل اجزائے صغیرہ کا بروقت استعمال اشد ضروری ہے کیونکہ کپاس کے پودے کو اگاؤ سے لے کر ٹنڈوں کے بننے تک نائٹروجن کی بھر پور ضرورت ہوتی ہے جبکہ پھول بنتے وقت پودے کو سب سے زائد مقدار میں نائٹروجن درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کی کمی کی علامات سب سے پہلے کپاس کے پودوں میں نچلے پتوں پر ظاہر ہوتی ہیں جس سے پتوں کا رنگ پیلا پڑنا شروع ہوجاتاہے اور بڑھوتری رکنے کے ساتھ ساتھ ٹنڈے سوکھ کرگرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بوران کی کمی سے پھول کا سائز اوروزن کم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس میں بوران کی کمی سے بچنے اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے ماہرین زراعت کے مشوروں پر سنجیدگی سے عمل کریں۔