فیصل آباد کے علاقے تھانہ رضا آباد کی حدود میں سی سی ڈی اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا ریکارڈ یافتہ رکن عامر گلوتر ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فیصل آباد ،بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا ریکارڈ یافتہ رکن پولیس مقابلے میں ہلاک

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 16 جون (اے پی پی):فیصل آباد کے علاقے تھانہ رضا آباد کی حدود میں سی سی ڈی اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا ریکارڈ یافتہ رکن عامر گلوتر ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق انچارج سی سی ڈی لائلپور ڈویژن انسپکٹر حسن صدیق چیمہ اور ایس ایچ او تھانہ سی سی ڈی سب انسپکٹر فاروق ناظر نے نفری کے ہمراہ چک 218 رب پروکیانوالہ میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ اس دوران واردات کی نیت سے چھپے ہوئے چار مسلح ڈاکوؤں نے سی سی ڈی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد سی سی ڈی اہلکاروں نے ایک مسلح ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت چنیوٹ کے رہائشی عامر گلوتر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرگرم رکن اور ڈکیتی، چوری اور راہزنی سمیت تقریباً دو درجن مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھا۔پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔








