کمشنر ملتان ڈویژن کی محرم الحرام کے جلوس و مجالس روٹس پر تمام ترقیاتی کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت

کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر جاری پی ڈی پی اور بیوٹیفکیشن سکیموں کے حوالے سےجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

ملتان۔ 16 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر جاری پی ڈی پی اور بیوٹیفکیشن سکیموں کے حوالے سےجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو محفوظ، پرامن اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنے کے لیے انتظامات اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل تمام ترقیاتی کام ہر صورت مکمل کیے جائیں اورجلوسوں و مجالس کے راستوں کو ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا کہ جلوس کے روٹس پر موجود تعمیراتی سامان، اینٹیں، پتھر، ملبہ اور دیگر رکاوٹیں فوری طور پر ہٹا دی جائیں تاکہ عزاداروں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔اجلاس سےخطاب کرتے ہوئےکمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران خود فیلڈ میں جا کر محرم روٹس کا تفصیلی معا ئنہ کریں اور مین ہولز، کھدائی شدہ مقامات اوردیگر خطرناک جگہوں کو فوری طور پر محفوظ بنائیں۔انہوں نے ننگے پاؤں عزاداری کرنے والوں کی سہولت کے پیش نظر ہدایت کی کہ واٹر باؤنڈنگ کے بعد سڑکوں پر موجود کنکریاں اور پتھر مکمل طور پر صاف کیے جائیں جبکہ شدید گرمی کے باعث روٹس پر پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بھی بڑھایاجائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام جلوس اور مجالس کے راستوں پر سٹریٹ لائٹس، فلڈ لائٹس اور بیک اپ جنریٹرز مکمل طور پر فعال رکھے جائیں۔ انہوں نے واسا، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو محرم الحرام کے دوران فوری رسپانس اور موثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم دیا ۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے اور روٹس کو ہر وقت صاف رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔عامر کریم خاں نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے سبیلوں، واٹر کولرز اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے اور کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ محرم الحر ام کے دوران امن و امان، عزاداروں کی سہولت اور بلا تعطل عزاداری کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برد اشت نہیں کی جائے گی۔