فیصل آباد ،محکمہ زراعت کی کاشتکار وں کوبہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت جلد مکمل کرنے کی ہدایت

227
فیصل آباد ،محکمہ زراعت کی کاشتکار وں کوبہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت جلد مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 31 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کی کاشت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈائریکٹرچوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ کاشتکار اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے بہاریہ مکئی کی دوغلی اقسام کی کاشت جلد مکمل کریں ،تاہم یہ کاشت فروری کے آخر تک بھی مکمل کی جاسکتی ہے اور مذکورہ کاشت کے لئے منظور شدہ اقسام ایف ایچ 810، یوسف والا ہائبرڈ اور دیگر دوغلی اقسام کی کاشت سے بہتر نتائج بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہاریہ مکئی کی وٹوں پر کاشت کے لئے بیج کی شرح 8 سے10کلوگرام فی ایکڑ جبکہ ڈرل سے کاشت کی صورت میں بیج کی شرح 12 سے 15 کلو گرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کے لئے درمیانی ذرخیز زمین میں اڑھائی بوری ڈی اے پی، ڈیڑھ بوری پوٹاشیم سلفیٹ، آدھی بوری یوریا یا ساڑھے6 بوری سنگل سپر فاسفیٹ 18فیصد ہمراہ ڈیڑھ بوری پوٹاشیم سلفیٹ و ڈیڑھ بوری یوریا فی ایکڑ بوائی کے وقت ڈالنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب پودوں کی اونچائی ایک فٹ ہو جائے تو کاشتکار مزید ایک بوری یوریا اور پودے کی اونچائی اڑھائی فٹ ہونے پر پھر ایک بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ بہاریہ مکئی کے پودے پر پھول آنے سے قبل بھی ایک بوری یوریا فی ایکڑ ڈالنے کے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔