فیصل آبادمیں آمدہ موسم برسات و مون سون کے دوران ڈینگی مچھروں کی ممکنہ افزائش کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں
فیصل آباد ، آمدہ مون سون کے دوران ڈینگی مچھروں کی افزائش کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات تیز

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 30 جون (اے پی پی):فیصل آبادمیں آمدہ موسم برسات و مون سون کے دوران ڈینگی مچھروں کی ممکنہ افزائش کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں اور عوام سے کہاگیاہے کہ وہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ممکن تدارکی انتظامات یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی وائرس سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایاکہ ڈینگی مچھر کی تلفی اور اس کے وائرس سے محفوظ رہنے سے متعلق شہریوں میں احساس موجود رہنا چاہیے کیونکہ ڈینگی مچھر سے نجات عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے انسداد ڈینگی کیلئے وسیع اقدامات جاری ہیں جس کی روشنی میں ضلع فیصل آباد میں بھی ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کیلئے عوامی آگہی کیلئے ہمہ جہت اقدامات پرعملدرآمد جاری ہے تاہم بارشوں کے موسم میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ضرورت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے لہٰذا شہری اپنے گھروں، پارکوں، مارکیٹ اور ارد گرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ گھروں میں موجود پرانے سامان،ٹائر اور ناکارہ برتنوں کو ٹھکانے لگانے کے علاوہ گھر میں موجود نکاسی آب کے پائپ اور پرنالوں کی فوری صفائی کی جائے اور گھر کے ٹوٹے پھوٹے فرش مرمت کرائیں تاکہ ڈینگی مچھر کی نشوونما کے تمام ذرائع کا خاتمہ ہوسکے۔








