فیصل آباد سمیت ملک بھر میں کل رضا کاروں کا عالمی دن آج منایا جائے گا

فیصل آباد۔ 04 دسمبر (اے پی پی):سابقہ روایا ت کے مطابق امسال بھی فیصل آباد سمیت ملک بھر میں رضاکاروں کا عالمی دن کل 5دسمبربروزجمعہ کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پرمختلف سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں اور رضا کار آر گنائزیشنز کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت سمیت ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، واکس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس …

فیصل آباد۔ 04 دسمبر (اے پی پی):سابقہ روایا ت کے مطابق امسال بھی فیصل آباد سمیت ملک بھر میں رضاکاروں کا عالمی دن کل 5دسمبربروزجمعہ کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پرمختلف سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں اور رضا کار آر گنائزیشنز کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت سمیت ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، واکس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات خطاب کریں گی۔اس موقع پر رضا کاروں کے عوامی، سماجی زندگی میں مثالی کردار، قدرتی آفات، ناگہانی واقعات میں ان کی خدمات اور معاشی و اقتصادی ترقی میں ان کے توسط سے مثبت پیش رفت پر بھی اظہار خیال کیا جائے گا۔

رضا کاروں کے عالمی دن کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خصوصی مضامین شائع کئے جائیں گے۔ رضاکاروں کے عالمی دن کے حوالے سے سرکاری و غیر سرکاری اداروں، متعلقہ تنظیموں، این جی اوز کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیاہے کہ حکومت اور عوام رضا کاروں کے مشن میں تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رضاکار زندگی کے تمام شعبوں میں بے لوث خدمات فراہم کرتے ہیں لیکن جب تک قوم ان کا مکمل ساتھ نہیں دے گی ان کا مشن پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ مشکل حالات کاشکار انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی فریضہ ہے جبکہ حکومت اور عوام بھی رضاکارانہ خدمت کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے عزم اور جذبے سے خدمات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔