فیصل آباد میں عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد،پروفیسر عامر شوکت نے قیادت کی

96
World Diabetes Day
World Diabetes Day

فیصل آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی):عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر فیصل آباد میں جمعرات کی صبح سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن فیصل آباد،لائلپورڈائی بیٹیز فاؤنڈیشن اور فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام واک کا انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر آفس فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی سے شروع ہو نے والی واک کی قیادت پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت، پروفیسرڈاکٹر مقصود احمد،پروفیسر ڈاکٹر عامر حسین، پروفیسر ڈاکٹر اویس فضل اور ڈاکٹرمحمد عرفان نے کی ، اساتذہ اور طلباوطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ماہرین طب نے کہاکہ مذکورہ تقریب کا مقصدشہریوں کوشوگر کے بارے میں معلومات فراہم اور اس سے بچاؤسمیت مضر اثرات سے بچنے کےلئے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں 220ملین افر ا د شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ 2030 تک ان کی تعداد دو گنا ہو جائے گی،پاکستان میں ہر چوتھا شخص ذیابیطس کا مریض ہے لہٰذا اس کے بار ے میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی 26 فیصد آبادی شوگر کے مرض میں مبتلا ہے جن میں 19 فیصد لوگوں کو پہلے سے اس بیماری کا علم تھا تاہم 7 فیصد کو سروے کے دوران علم ہوا۔ انہوں نے ذیابیطس کو تمام بیماریوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا آسان ترین علاج بلا ناغہ سیر ہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو شوگر ہے انہیں ا پنی آنکھوں کے علاوہ دوسرے ٹیسٹ بھی مسلسل کرانے چا ہئیں تا کہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بیماریوں کا بر وقت علاج کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام فطری اور عملی ضابطہ حیات ہے جس پر عمل کرکے ہم نہ صرف اپنے آپ کو بلکہ معاشرے کو بھی صحت مند اور توانا بنا سکتے ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ عشاکے بعد کھانامناسب نہیں اور یہی بات آج کی جدید سائنس ہمیں بتا رہی ہے کہ رات کو دیرسے کھانا بیماریوں کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے آقائے دوجہاں سرورکائنات حضرت محمدؐ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہ زیادہ تر پیدل سفر کرتے اور بسیار خوری نہیں کرتے تھے لہٰذا ہمیں ان کی سنت پر عمل کرنا ہوگا تا کہ ہم وباکی شکل میں پھیلنے والی دور حاضر کی بیماریوں سے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف سادہ طرز زندگی اور سادہ خوراک کے ذریعے خود کو بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔