فیصل آباد میں 26 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں 4869 ٹیمیں 15 لاکھ سے زائدبچوں کوحفاظتی قطرے پلائیں گی، ڈاکٹر اسفند یار

104
چنیوٹ ،اسسٹنٹ کمشنر لالیاں نے انسداد پولیومہم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کےلئے اچانک مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ

فیصل آباد۔ 19 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر اسفند یار نے بتایا کہ صوبہ بھر کے دیگرشہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی7 روزہ قومی انسداد پولیو مہم26 فروری سے شروع ہوگی جبکہ3 مارچ تک جاری رہنے والی مذکورہ مہم میں محکمہ صحت فیصل آباد کی4869موبائل، فکسڈ و ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں 5سال تک کی عمر کے15 لاکھ36 ہزارسے زائد بچوں کوپولیوسے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائیں گی جن کی نگرانی ایریا انچارجز اور زونل سپروائزر کریں گے نیز ڈسٹرکٹ وڈپٹی ہیلتھ آفیسرزاور وہ خود اس کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گے تاکہ کسی جگہ کوئی خامی نہ رہ سکے۔

اے پی پی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور عملہ کو ضروری تربیت بھی فراہم کردی گئی ہے تاکہ کسی جگہ کسی کوتاہی کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں انسداد پولیو کی آئندہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے تمامتردستیاب وسائل بروئے کار لائے اور اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ گزشتہ کمزوریوں و خامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے۔

انہوں نے بتایاکہ چونکہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا متعلقہ سٹاف پر واضح کردیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریں اوردوران مہم والدین کی آگاہی کیلئے تمامتر تشہیری ذرائع بھی بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیلوں میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں جذبے سے فرائض انجام دیئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں معمولی سی غفلت بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے والدین کو ترغیب دے تاکہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کوحفاظتی قطروں سے محروم نہ رہنے دیں۔