فیصل آباد پریس کلب میں جشن آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی تقریب کاانعقاد

166

فیصل آباد۔ 14 اگست (اے پی پی):فیصل آباد پریس کلب میں جشن آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔مسلم لیگی رہنماحاجی اکرم انصاری،صدر پریس کلب عبد الرحمن،سیکرٹری میاں کاشف فرید، سینئر نائب صدر شوکت علی وٹو، نائب صدر میاں منور اقبال،جوائنٹ سیکرٹری میاں صغیر سانول،فنانس سیکرٹری رانامحسن فاروق و دیگر نے پرچم کشائی کی اور پودا لگایا۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو فضا میں لہرایا گیا۔ تمام حاضرین نے وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ پرچم کشائی کے بعد پریس کلب میں پودا بھی لگایا گیا۔

اس موقع پر حاجی اکرم انصاری نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنا یوم آزادی ایسے ہی شان و شوکت سے مناتی ہیں۔پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا بلکہ متحد ہو کر وطن کی تعمیر و ترقی میں کر دار ادا کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر صدر پریس کلب عبد الرحمن نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بہت قربانیاں دیکر یہ ملک حاصل کیا ہے جنکی بدولت آج ہم آزادفضاؤں میں سانس لے رہے ہیں آزادی جیسی نعمت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔انہوں نے جشن آزادی پر پودا لگانے کے عمل کو سرسبز پاکستان کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

سیکرٹری میاں کاشف فرید نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب ہمارے قومی جذبے اور آزادی کی قدر کو اجاگر کرتی ہے۔پرچم کشائی اور پودا لگانے کی اس تقریب کے ذریعے ہم نہ صرف اپنے وطن کی عظمت کو یاد کرتے ہیں بلکہ ماحول کے تحفظ کے لیے بھی ایک پیغام دیتے ہیں۔اس تقریب میں ایگزیکٹو ممبران رانا حناء جمیل، ندیم جاودانی، آصف سخی،توفیق یوسف، علی ملک،قمر عباس قمر سابق جوائنٹ سییکرٹری ظفران سرور کے علاوہ ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورآخر میں وطن کی سلامتی و ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔