فیصل آباد چیمبر اور آرٹس کونسل کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط،ٹیکسٹائل نمائش منعقد کرنے کا اعلان

125

فیصل آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیصل آباد آرٹس کونسل ڈویژن نے آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں ۔

اس مفاہمتی یادداشت پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق جبکہ فیصل آباد آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر ابرار عالم نے دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے مل کر فنون لطیفہ کی کلاسیں شروع کرنے کے علاوہ آئی ٹی کے طلبہ کیلئے ہنر کو منافع بخش کمائی کا ذریعہ بنانے کے لئے پیشہ وارانہ تربیت کا اہتمام کریں گے جبکہ آرٹس کونسل میں ٹیکسٹائل کی نمائشیں بھی منعقد کی جائیں گی۔ مزید برآں دونوں اداروں کے فوکل پرسنز کی ماہانہ میٹنگز بھی ہوں گے جن میں مسائل کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کے حل کیلئے اقدامات اور آئندہ کے پروگرام بھی طے کیے جائیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے زندہ، متحرک اور فعال معاشرے کیلئے آرٹ اور کلچر کو بنیادی روح قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد آرٹس کونسل کو لاہور کی الحمرا آرٹس کونسل کی طرز پر ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ فنون لطیفہ سے منسلک افراد کو نہ صرف اپنی صلاحیتوں کے عملی اظہار کیلئے مواقع مہیا کئے جائیں بلکہ اس ادارے کو منافع بخش بھی بنایا جاسکے۔

فیصل آباد آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر ابرار عالم نے کہا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس محکمہ اطلاعات اور کلچر کا ادارہ ہے جو فیصل آباد ڈویژن میں آرٹ اور کلچر کے فروغ کیلئے جامع کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ڈویژن کی سطح پر ایک مشاورتی بورڈ قائم کیا گیا ہے جس کی صدارت فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کریں گے جبکہ وہ اس کے سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس بورڈ میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے شعبہ فائن آرٹس کی محترمہ تہمینہ افضل کے علاوہ معروف ادیب ڈاکٹر جعفر مبارک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

مفاہمتی یادداشت کے تبادلے کے بعد ابرار عالم نے ڈاکٹر خرم طارق کو قرآنی خطاطی کا ایک نادر نمونہ اور سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد کو کتاب پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی کے علاوہ آرٹ کونسل کے افسران بھی موجود تھے۔