فیصل آباد۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نگران صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک کی مجموعی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی حکمت عملی سے معاشی اعشاریوں میں بہتری آرہی ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ سے بیرونی قرضوں میں بھی 4ہزار ارب سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ روپے کی قدر میں بہتری سے دیگر درآمدات کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی جبکہ پٹرول کی قیمت میں 40روپے فی لیٹر کمی سے ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی کم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں ریل، روڈ اور ائیر لائنز کے کرایوں میں بھی کمی کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ اس کمی کے فوائد عام آدمی تک منتقل کئے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمت میں ریکارڈ کمی کے باعث پٹرول پمپوں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ وہ پیمانوں میں گڑ بڑ نہ کر سکیں۔