فیصل آباد چیمبر کے نئے عہدیداران وممبران کو آپس میں بھرپور تعاون کرنا ہوگا، میاں جاوید اقبال

123
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد ۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے برسراقتدار نیشنل گروپ کے سربراہ میاں جاوید اقبال نے ریٹائر ہونے والے فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق کی قائدانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2سال مکمل کرنے والی اُن کی ٹیم کا شمار فیصل آباد چیمبر کی بہترین ٹیموں میں ہوگا۔ وہ ریٹائر ہونے والے چیمبر کے عہدیداروں اور ایگزیکٹو ممبران کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خرم طارق اپنی خدا داد تخلیقی صلاحیتوں کی وجہ سے فیصل آباد چیمبر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہت اونچا لے گئے جس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُن سے قبل ایگزیکٹو کے نصف ممبران ریٹائر ہوتے تھے اور نصف نئے آتے تھے اس طرح عہدیدار بھی ایک سال کے بعد تبدیل ہو جاتے تھے مگر اس مرتبہ سارے ممبران تبدیل ہو رہے ہیں اس لئے اُن کو آپس میں ہم آہنگی کیلئے ایک دوسرے سے زیادہ تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ نئے عہدیدار اور ایگزیکٹو پوری دلجمعی سے بزنس کمیونٹی کی خدمت کرے گی اور اس مقصد کے حصول کیلئے ٹیم کے طو ر پر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خرم طارق نے دو سال تک اپنا قیمتی وقت اس چیمبر کو دیا اورانہیں یقین ہے کہ اس دوران بننے والے تعلقات دوستی سے بڑھ کر عمر بھی کیلئے فیملی تعلقات میں بدل جائیں گے اور یہ تعلقات اُن کیلئے زندگی بھر کا اثاثہ ثابت ہوں گے جبکہ اِس کے نتیجہ میں اُن کے سماجی تعلقات میں اضافہ کے علاوہ کاروباری معاملات کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی