فیصل آباد ڈویژن سمیت متعدداضلاع میں مکئی کی کاشت کے رقبہ میں اضافہ ہو گیا ہے، ترجمان محکمہ زراعت

146
Corn crop
Corn crop

فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن سمیت متعدداضلاع میں مکئی کی کاشت کے رقبے میں اضافہ ہو گیا ہے، چونکہ مکئی اہم اور نقد آور فصل ہے لہٰذا موجودہ حالات میں اس کی ضرورت میں اضافے کے باعث جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس کی فی ایکڑ پیداوار بھی تسلسل سے بڑھتی جار ہی ہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتا یا کہ نقد آور فصل ہو نے کی وجہ سے ہر سال مکئی کی کاشت کے رقبے میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث گزشتہ سال اس کی ریکارڈ70لاکھ ٹن سے بھی زیادہ پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ا نہوں نے کہا کہ مکئی کی اضافی پیداوار برآمد کر کے بھاری زر مبادلہ حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ اس وقت تک مکئی کی 30کے قریب اقسام دریافت کی جا چکی ہیں جن میں سے پیداوار اور علاقائی تقسیم کے حوالے سے 17اقسام زیر کاشت ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ ہائبرڈ بیج کے استعمال سے مکئی کی پیداوار 60من فی ایکڑ تک ہو سکتی ہے جو روایتی بیج کی نسبت10من زیادہ ہے۔