فیصل آباد۔ 29 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران فیڈ سٹف کے 464 لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ ضلع فیصل آباد میں 160، ضلع چنیوٹ میں 42، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 133اور ضلع جھنگ میں 129 لائسنسز کا اجرا کیا گیا ہے نیزمذکورہ لائسنسز واین او سیز30 دن کے اندر اندر جاری کئے جاتے ہیں جبکہ بزنس فسیلی ٹیشن سنٹرکاؤنٹر کے ذریعے لائیو سٹاک سے متعلقہ کاروبار میں مزید بہتری آئے گی اس کے علاوہ لائیو سٹاک سے متعلقہ کاروبار کے خواہشمند افراد کو آگاہی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں۔
منیجربی ایف سی فیصل آباد جاوید باجوہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کاروباری حضرات اور سرمایہ کار افراد کی سہولت اور آسانی کیلئے کمشنر کمپلیکس میں قائم اپنی نوعیت کے پہلے بزنس فسیلی ٹیشن سنٹر میں محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے لائیو سٹاک سے متعلقہ کاروبار کے لائسنس کے آسان حصول کیلئے کاؤنٹرسے13مختلف اقسام کے این اوسیزاور لائسنس جاری کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اینیمل فیڈمل اور پولٹری فیڈ مل کے قیام کیلئے این او سی، اینیمل کمپاؤنڈ فیڈ مل کیلئے لائسنس، پولٹری فیڈ مل کے لئے لائسنس، اینیمل فیڈ اور پولٹری فیڈ کے سامان کیلئے لائسنس،حلال سرٹیفکیشن،پولٹری کے احاطے کی رجسٹریشن،مصنوعی نسل کشی کے تربیتی اداروں کیلئے لائسنس، مصنوعی نسل کشی کے تکنیکی ماہرین کو لائسنس، لائیو سٹاک سیمن وایمبریو امپورٹرز کو لائسنس اور سیمن پروڈکشن یونٹ کیلئے بھی لائسنس فراہم کئے جارہے ہیں۔