فیصل آباد کے حلقہ این اے 108میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ بروقت شروع ،عمران خان اور عابد شیر علی سمیت 12 امیدوار مد مقابل

309
اسلام آباد کیپیٹل پولیس ،ایف سی ،رینجرز اور پاکستان فوج کے افسران و جوان اپنے فرائض سر انجام دیں گے

فیصل آباد ۔16اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 میں منعقد ہونےوالے ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔پولنگ شروع ہونے سے قبل الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں پریذائیڈنگ افسران نے امیدواران کے پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں شفاف بیلٹ بکس سربمہرکئے اور بیلٹ پیپرز و دیگر انتخابی مواد کے سیل بند لفافے کھول کر انتخابی عمل کا آغاز کیا۔

مذکورہ حلقہ میں پی ٹی آئی کے عمران احمد خان نیازی (انتخابی نشان بلا)، مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی (انتخابی نشان شیر)، آزاد امیدوار فرخ حبیب (سکوٹر)، ارسلان ارشد آزاد امید وار(لاؤڈ سپیکر)، پاکستان نظر یاتی پارٹی کے امید وار خرم شہزاد(ریلوے انجن)، آزاد امید وار رضوان محمود(ٹریفک سگنل)، مو و آن پاکستان پارٹی کے امید وار سہیل کاشف (شتر مرغ)، آزاد امید وار شہباز علی گلزار(مٹکا)، آزاد امید وار عبدالحفیظ(بیل)،آزاد امیدوار لیاقت علی(کرکٹ وکٹ)، تحریک لبیک پاکستان کے امید وار محمد صدیق(کرین) اور آزاد امید وار ملک محمد علی طاہر(ایکسکیویٹر)سمیت12 امیدوار مدمقابل ہیں۔مذکورہ حلقہ کے رجسٹرڈ ووٹرزمیں271039مرد اور 234147خواتین ووٹرز شامل ہیں

جن کیلئے167مردانہ،162زنانہ،25مشترکہ سمیت کل 354پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں مردوں کیلئے 558اور خواتین کیلئے 526سمیت کل 1084پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں تاکہ ووٹرز پر سکون ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ حلقہ میں پولنگ کے خوشگوار ماحول میں انعقاد کیلئے 372 پریذائیڈنگ آفیسر ز، 1138 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر ز، 1138 پولنگ آفیسر ز اور 372 نائب قاصد اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ضمنی الیکشن کی پولنگ کے حوالے سے 281 پولنگ سٹیشنز کواے کیٹیگری میں انتہائی حساس، 41 کوبی کیٹیگری میں ذرا کم حساس اور 32کوسی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جن کے سکیورٹی پلا ن کے مطابق حلقہ کو2زونز،8سکیٹرز اور16سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے

جہاں پولیس کے4ایس پیز،13 ڈی ایس پیز،17 انسپکٹرز، 384سب انسپکٹرز،436 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور 5342 پولیس ملازمین سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ،نیزکسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈولفن فورس کی تمام ٹیمیں، ایلیٹ فورس کی 34 ٹیمیں اور متعلقہ ڈویژن کی پٹرولنگ پولیس گشت پرموجود ہیں جس کے ساتھ ساتھ920 سے زائد ملازمین پولیس تھانوں اور پولیس لائنز میں ریزرو کے طور پر موجود ہیں۔علاوہ ازیں حلقہ میں پاک فوج اور رینجرز کی3،3کمپنیاں بھی موجود ہیں۔

حلقہ این اے 108فیصل آبادکے ضمنی الیکشن کی کوریج اور انتخابی عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کیلئے میڈیا پرسنز سمیت مبصرین کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خصوصی کارڈز جاری کئے گئے ہیں جن کے بغیر کسی غیر متعلقہ شخص کوپولنگ سٹیشنز کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ووٹرز کیلئے اصل شناختی کارڈ دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے بغیر وہ ووٹ نہیں ڈال سکیں گے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولنگ سٹیشنوں پر آتے ہوئے اصل شناختی کارڈ ہمراہ ضرور لائیں۔