فیصل آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے اتوار کو فیصل آباد پریس کلب کا دورہ کیا۔اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی وپارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ارکان پریس کلب نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔انہوں نے فیصل آباد کے مقامی صحافیوں کیلئے رہائشی کالونی کا دیرینہ مسئلہ جلد حل کرنے اورپریس کلب کو سالانہ 25 لاکھ روپے گرانٹ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی مسائل اجاگر کرنے والوں کے اپنے مسائل بھی حل کریں گی۔ صدر پریس کلب عبدالرحمن نے صحافیوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ اراکین پریس کلب نے صحافی کالونی کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے اور سالانہ گرانٹ کی فراہمی کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کیا۔