کوالالمپور انجینئرنگ سائنس فیئرکے زیر اہتمام انٹرنیشنل چیلنج 8 تا 10 نومبر کو ہو گا

کوالالمپور۔15ستمبر (اے پی پی):کوالالمپور انجینئرنگ سائنس فیئر (کے ایل ای ایس ایف)کے زیر اہتمام انٹرنیشنل چیلنج 2024 کوالالمپور میں 8 تا 10 نومبر کو ہو گا۔جس کا مقصد نوجوان ذہنوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کو دریافت کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ کوالالمپور انجینئرنگ سائنس فیئر کے زیر اہتمام یہ چیلنج پرائمری اور سیکنڈری سکول کے طلبا کو ریاضی سے متعلق جدید پروجیکٹس کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور …

کوالالمپور۔15ستمبر (اے پی پی):کوالالمپور انجینئرنگ سائنس فیئر (کے ایل ای ایس ایف)کے زیر اہتمام انٹرنیشنل چیلنج 2024 کوالالمپور میں 8 تا 10 نومبر کو ہو گا۔جس کا مقصد نوجوان ذہنوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کو دریافت کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

کوالالمپور انجینئرنگ سائنس فیئر کے زیر اہتمام یہ چیلنج پرائمری اور سیکنڈری سکول کے طلبا کو ریاضی سے متعلق جدید پروجیکٹس کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل حل کرنے کی مہارتوں کو ظاہر کرنے کیلئے پلیٹ فارم پیش کرتا ہے۔ ای سی او سائنس فاؤنڈیشن (ای سی او ایس ایف)پاکستان کے حکام نے کہا ہے کہ اس چیلنج کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی میں سکول کے طلبا کی دلچسپی کو بڑھانے اور ایس ٹی ای ایم پروجیکٹس کے ذریعے طلبا کی اختراعی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ مقابلہ طلبا کےمسائل کے حل، مواصلات، سوچ اور اختراع میں مہارتوں کو فروغ دینے میں مدد کرے گا اور ایس ٹی ای ایم منصوبوں کے بارے میں معلومات اور تجربات کے اشتراک کے لیے سکولوں، اساتذہ، صنعتوں ، سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعامل کو بھی فروغ دے گا۔ پاکستان سمیت ملائیشیا اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے ایس ٹی ای ایم پراجیکٹس کے ساتھ سکول کے طلبا اپنے پراجیکٹس کو عوام کے سامنے پیش کر کےکے ایل ای ایس ایف انٹرنیشنل چیلنج 2024 میں حصہ لے سکتے ہیں۔

مقابلہ میں پرائمری سکول (12 سال یا اس سے کم عمر) اور سیکنڈری سکول (13-18 سال)کے طلبا شرکت کر سکتے ہیں۔ انٹرنیشنل چیلنج کے لیے انعامات دینے کی تقریب 10 نومبر کو منعقد ہوگی جبکہ تخلیقات جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔

مزید تفصیلات https://ecosf.org/KLESF اور https://www.klesf.net/klesf-challenge-2024/ کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔