آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت خوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی ہے، معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی

معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے آواران میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت خوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی ہے

کوئٹہ۔ 31 اگست (اے پی پی):معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے آواران میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت خوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی ہے۔اپنے ایک بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ خوارج کی نقل و حرکت کی فضائی نگرانی کے بعد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے درست اور مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں چار خوارج ہلاک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور عسکری سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، دہشت گرد جہاں بھی چھپیں گے ریاست کی نظر ان تک پہنچے گی۔معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور عوام اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

 

مزید خبریں