ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی اور الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے ضلع حب کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں شاہ محمد جتوئی نے فیتہ کاٹ کر ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کی شاندار عمارت کا افتتاح کیا
حب میں 27 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کا افتتاح

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 31 اگست (اے پی پی):ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی اور الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے ضلع حب کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں شاہ محمد جتوئی نے فیتہ کاٹ کر ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کی شاندار عمارت کا افتتاح کیا۔ تقریب میں کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء، ڈی آئی جی لسبیلہ عبدالقیوم پتافی، ڈپٹی کمشنر جمعداد مندوخیل، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالمقتدر ابڑو، وکلاء، سول سوسائٹی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ حب آمد پر ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی اور الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال کا ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکام نے استقبال کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات حب بلڈنگ سیکشن کے ایکسین انجینئر ملک مسعود رئیسانی اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبدالمقتدر ابڑو نے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا کہ موجودہ حکومت گڈ گورننس پر یقین رکھتی ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کی شاندار عمارت ترقیاتی فنڈز کے شفاف اور درست استعمال اور بہتر گورننس کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے منظور شدہ فنڈز شفاف انداز میں خرچ ہونے چاہئیں۔ عوامی اداروں میں اس طرز کی سہولیات کی فراہمی دیگر اداروں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
کمشنر سائرہ عطاء نے الیکشن کمیشن کمپلیکس کو اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی کامیابی تمام اسٹیک ہولڈرز، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن کا نتیجہ ہے۔ ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انجینئر عبدالویاب زہری کی نگرانی میں ٹیم نے جانفشانی سے کام کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حب، گوادر، جعفرآباد اور مستونگ میں الیکشن کمیشن کی چار عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کمپلیکس حب بلوچستان کی خوبصورت ترین اور ماڈل عمارتوں میں شامل ہے۔ شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بھرتیوں کے دوران میرٹ کو ترجیح دی گئی ہے اور خواتین کو بھی ملازمتوں میں مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی کی تعیناتی کے بعد ان کی کوششوں سے بلوچستان کے چار اضلاع، گوادر، حب، مستونگ اور جعفرآباد میں الیکشن کمیشن کی عمارتوں کے منصوبے منظور ہوئے جبکہ صوبے کے 16 اضلاع میں الیکشن کمیشن کے دفاتر بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ کا بھی کلیدی کردار رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر الیکشن کمیشن حکام نے افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے علاقائی عمائدین، وکلاء، انتظامی افسران، پولیس اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔







