فیصل آباد۔ 19 فروری (اے پی پی):یوم زکوٰۃ کے سلسلہ میں ضلعی زکوٰۃ آفیسر محمد حبیب نے ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر زکوٰۃ محمد افضل سلیم کے ہمراہ زکوٰۃ کی رضاکارانہ ادائیگی کے حوالے سے مخیر حضرات سے وقتاً فوقتاً ملاقاتیں کیں اور ان کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ زکوٰۃ و عُشر پنجاب کے زیر انتظام بیوگان، معذورین اور غرباء کو گزارہ الاؤنس کی صورت میں زکوٰۃ کی ادائیگی کی جاتی ہے،زکوٰۃ کی تقسیم کا طریقہ کار انتہائی صاف اور شفاف ہے، گزا رہ ا لاؤنس کی ادائیگی بذریعہ موبائل بینکنگ اور بائیومیٹرک تصدیق کے بعد کی جاتی ہے۔ مستحقین کے موبائل نمبر پر ادائیگی کے لئے پیغام جاتا ہے اور مستحق میسج دکھا کر کسی بھی ایزی پیسہ شاپ سے رقم خود وصول کرتا ہے۔
اس کے علاوہ فنی تربیت کے ادارہ جات میں زیر تربیت مستحق طالبعلموں کی فیس کی ادائیگی کے علاوہ وظائف بھی دیئے جاتے ہیں اور یہ کہ کالجز، یونیورسٹی اور دینی مدارس میں زیر تعلیم غریب بچوں کو زکوٰۃ فنڈ سے وظائف کی ادائیگی بھی کی جاتی ہے۔ مزید یہ کہ ہسپتالوں کے ذریعہ زکوٰۃ کے حقدارمریضوں کو بھی علاج معالج کے لئے مفت ادویات کی صور ت میں امداد دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف وجوہات کی بنا ء پر گزشتہ چند سالوں سے زکوٰۃ کی وصولی میں مسلسل کمی کا رجحان ہے اور یوں زکوٰۃ فنڈ کی کم دستیابی پر مستحق افرادکی مالی امداد میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ رجحان اسلامی فلاحی ریاست کے نظریہ کی نفی کرتا ہے
اس لئے محکمہ زکوٰۃ و عُشر پنجاب نے فیصلہ کیا کہ اس سلسلہ میں خصو صی مہم چلائی جائے تاکہ مخیراور دین دار حضرات سے رضاکارانہ زکوٰۃ اکٹھی کی جاسکے اور مستحق لوگوں کو مالی امداد کا سلسلہ بطریق احسن جاری و ساری رہے۔اس موقع پرعوام الناس سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ رضاکارانہ زکوٰۃ کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور محکمہ زکوٰۃ کی طرف سے جاری مہم میں اپنے مکمل تعاون کا مظاہرہ کریں۔ اس ضمن میں تاجر برادری نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔