فیصل کامران نے ایس ایچ او سمیت غازی آباد تھانے کی پوری نفری کو معطل کر دیا،ترجمان

غازی آباد تھانے میں پیش آنے والے واقعہ پر بڑا انتظامی ایکشن لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ایس ایچ او سمیت تھانے کی پوری نفری کو معطل کر دیا۔ترجمان کے مطابق معطل کیے گئے اہلکاروں میں ایس ایچ او غازی آباد

لاہور۔4اگست (اے پی پی):غازی آباد تھانے میں پیش آنے والے واقعہ پر بڑا انتظامی ایکشن لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ایس ایچ او سمیت تھانے کی پوری نفری کو معطل کر دیا۔ترجمان کے مطابق معطل کیے گئے اہلکاروں میں ایس ایچ او غازی آباد، 2 سب انسپکٹرز، 8 اے ایس آئیز، فرنٹ ڈیسک کا عملہ اور دیگر پولیس اہلکار شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 78 افسران و اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ناقص سپرویژن، غفلت اور انتظامی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا نہ کرنے پر یہ کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ تھانے میں مختلف یونٹس اپنے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں تاہم مجموعی نظم و ضبط اور تھانے کے ماحول کو برقرار رکھنا ایس ایچ او کی بنیادی ذمہ داری ہے۔فیصل کامران نے کہا کہ تھانے میں ہونے والی ہر سرگرمی ایس ایچ او کے علم میں ہونی چاہیے جبکہ تھانے کا نظم و ضبط برقرار رکھنا ایس ایچ او سمیت ہر افسر اور اہلکار کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایس ایچ او سے لے کر ہر فیلڈ افسر اپنی کارکردگی، سپرویژن اور انتظامی ذمہ داری کا جوابدہ ہے اور ناقص نگرانی، غفلت یا غیر ذمہ دارانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہر افسر اور اہلکار کو اپنے کردار سے تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی لانا ہوگی جبکہ ذمہ دار، جوابدہ اور عوام دوست پولیس کلچر کے قیام کے لیے ہر سطح پر موثر نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کا آغاز تھانے سے ہوگا اور قانون پر عملدرآمد و پیشہ ورانہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق موثر سپرویژن، پیشہ ورانہ رویہ اور جوابدہی ہی عوام کے اعتماد اور پولیس کے وقار کی ضمانت ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ علی زیب دستگیر کو غازی آباد تھانے کا نیا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا۔

مزید خبریں