فیفا ورلڈ کپ ، کروشیا نے جاپان کو پنالٹی شوٹ پر شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

125

دوحہ۔5دسمبر (اے پی پی):کروشیا نے جاپان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ پر 3-1گولز سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا، اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم کروشیا نے پنالٹی شوٹ آئوٹ پر جاپان کو 1 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی،کروشین گول کیپر ڈومینک لیواکووچ تین پنالٹیز روک کر میچ کے ہیرو قرار پائے۔

پیر کو دوحہ کے الجنوب سٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے سپر 16 مرحلے کے ناک آئوٹ میچ میں کروشیا اور جاپان کے مابین سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو آیا۔ پہلے ہاف کے 43ویں منٹ میں جاپان کے ڈیزن مائیڈا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو1-0گول کی برتری دلا دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی تاہم دوسرے ہاف میں 55ویں منٹ میں کروشیا کے ایوان پیرسک نے شاندار ہیڈر گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا ۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کے لئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت تک گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا تاہم دونوں ٹیمیں سر توڑ کوشش کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پینلٹیز دی گئیں۔ جاپان پہلی دونوں پینلٹیز میں گول کرنے میں ناکام رہا جبکہ کروشیا نے ابتدائی دو پینلٹیز میں مسلسل دو گولز کئے۔ جاپان تیسری پینلٹی پر گول کرنے میں کامیاب رہا جبکہ کروشیا نے تیسرا پینلٹی ضائع کردیا ۔ چوتھے پینلٹی میں کروشین گول کیپر نے جاپان کا یقینی گول روک کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔کروشیا نے چوتھے پینلٹی پر گول کرکے ٹیم کو3-1گولز سے کامیابی دلا کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔