پاکستانی افرادی قوت کی جنوبی کوریا برآمد کے لئےمفاہمت کی یادداشت ،وفاقی وزیر ساجد حسین طوری اور کوریا کے سفیر سہ سنگپی نے دستخط کیے

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی کوریا نےافرادی قوت کی برآمد کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے۔ پیر کو مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری اور پاکستان میں کوریا کے سفیر سہ سنگپی نے ایک پروقار تقریب میں دستخط کیے۔یادداشت کا مقصد ایمپلائمنٹ پرمٹ سکیم (EPS) کے تحت کوریا کو پاکستانی افرادی قوت کی برآمد کو مزید بڑھانا ہے۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے اس موقع پر کہا کہ مختلف ممالک کو پاکستانی افرادی قوت بھجوانے کے لئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔اب تک دس ہزار پاکستانیوں کو روزگار کے لئے کوریا بھیج چکے ہیں۔اس وقت جنوبی کوریا میں پاکستانی ورکرز کو صرف مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بھیجا جا رہا ہے۔دیگر شعبوں میں بھی پاکستان کے پاس کافی افرادی قوت ہے جو ہم کوریا بھیجنا چاہتے ہیں۔آج کی تاریخی یادداشت سےجنوبی کوریا اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر کوریا کی حکومت اور کوریا کے سفیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سمندر پار پاکستانیز ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ دونوں ممالک دیگر شعبوں زراعت، خدمات، ماہی گیری اور خاص طور پر آئی ٹی میں پاکستانی افرادی قوت کی برآمد پر متفق ہیں۔ وزارت روزگار و محنت کوریا اور وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے درمیان ایمپلائمنٹ پرمٹ سسٹم کے نفاذ کے لیے یادداشت کی تجدید کی گئی ہے۔ساجد حسین طوری نے کہا کہ ‏‎ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) واحد سرکاری ادارہ ہے جو پاکستان میں اس روزگار کے نظام کو نافذ کرنے کا مجاز ہے۔‏‎ اس وقت او ای سی کورین لینگویج ٹریننگ پاکستان میں کورین لینگویج کا سب سے شاندار ٹریننگ سنٹر بن چکا ہے ۔