وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کی ملاقات

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی

کوئٹہ۔ 02 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی یکجہتی، امن و امان، بین الصوبائی ہم آہنگی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قوتوں کے درمیان باہمی رابطے، جمہوری روایات کے فروغ اور مکالمے کا تسلسل ناگزیر ہے۔

ملاقات میں وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر تعاون، عوامی مسائل کے حل اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح حکومت کی اولین ترجیحات ہیں جبکہ قومی اتحاد اور سیاسی ہم آہنگی ہی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ضمانت ہیں ۔ایمل ولی خان نے بلوچستان میں امن و استحکام، ترقیاتی اقدامات اور باہمی سیاسی روابط کے فروغ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔