شہریوں کو مزید سماجی سہولیات فراہم کریں گے، میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ہم شہریوں کو مزید سماجی سہولیات فراہم کریں گے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کو فروغ مل سکے

کراچی۔ 02 جولائی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ہم شہریوں کو مزید سماجی سہولیات فراہم کریں گے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کو فروغ مل سکے۔جمعرات کوجاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹائون میں جدید کمیونٹی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بلدیاتی حکومت کے شہر میں بہتری کے اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔افتتاح کے بعد میئرکراچی نے کمیونٹی سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں شہریوں کے لیے سماجی تقریبات کے انعقاد کی مناسب سہولت موجود نہیں تھی، اب مختلف علاقوں میں کمیونٹی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی ٹیکنیکل سروسز، بلدیہ عظمی کراچی کو مزید کمیونٹی سینٹرز کے قیام کے حوالے سے جامع تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کردی۔اس موقع پر ایم پی اے آصف موسی، ٹائون چیئرمین بلدیہ کریم آسکانی اور دیگر بھی موجود تھے۔