فیفا ورلڈ کپ 2026، جنوبی کوریا کا سخت مقابلے کے بعد جمہوریہ چیک 1-2 سے ہرا کر جاندار آغاز

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام جاری ورلڈ کپ 2026میں جنوبی کوریانے جمہوریہ چیک کو سخت مقابلے کے بعد 1-2گولز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کافاتحانہ آغاز کر دیا۔

میکسیکو سٹی ۔12جون (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام جاری ورلڈ کپ 2026میں جنوبی کوریانے جمہوریہ چیک کو سخت مقابلے کے بعد 1-2گولز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کافاتحانہ آغاز کر دیا۔ای ایس پی این کے مطابق گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں ہوانگ ان بیوم اوراوہ ہائون گیو نے ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو میگا ایونٹ میں نہ صرف جاندار آغاز فراہم کیا بلکہ تین قیمتی پوائنٹس بھی دلوا دیئے ۔جمعہ کو میکسیکو کے سٹیڈیو اکرون، زپوپان میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں جنوبی کوریا اور جمہوریہ چیک کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور دفاعی کھیل کے باعث میچ کے پہلے ہاف پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا تاہم جمہوریہ چیک کے لاڈیسلاو کریجکی نے میچ کے 59 ویں منٹ پر ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو جنوبی کوریا کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلادی جس کے بعد جنوبی کوریا کے طرف سے کھیل میں تیزی آئی ۔

جنوبی کوریا کے ہوانگ ان بیوم نے میچ کے 67 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا ۔میچ کے 78 ویں منٹ میں جمہوریہ چیک کے ٹامس سوچیک نے فری کک پر گول کر دیا تھا لیکن ریفری نے اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا، جس کے دو منٹ بعد ہی جنوبی کوریا کے اوہ ہائون گیو نے میچ کے 80 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو جمہوریہ چیک کے خلاف 1-2 گول کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ یہ گزشتہ چار ورلڈ کپ ایڈیشنز میں پہلا موقع ہے جب جنوبی کوریا نے اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی کوریا کو تین قیمتی پوائنٹس ہوگئے ہیں اور وہ گروپ اے میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔