فیفا ورلڈ کپ2026سے اخراج کے بعد برازیلین سٹار فٹبالر نیمار کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

برازیل کے مایہ ناز فٹبالر نیمار جونیئر نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد ے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

نیو یارک۔6جولائی (اے پی پی):برازیل کے مایہ ناز فٹبالر نیمار جونیئر نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد ے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق نیو جرسی امریکا،میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ برازیل کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے سکور کیے۔ انہوں نے پہلا گول 79ویں اور دوسرا 90ویں منٹ میں کیا، جبکہ برازیل کی جانب سے واحد گول نیمار جونیئر نے میچ کے اختتامی لمحات میں پنالٹی کک پر سکور کیا۔شکست کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار جونیئر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہو گئے۔

بعد ازاں انہوں نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ واضح رہے کہ نیمار جونیئر نے 2010 میں امریکہ کے خلاف اسی سٹیڈیم میں اپنا پہلا انٹرنیشنل گول کیا تھا۔ حالیہ برسوں میں فٹنس مسائل کا شکار رہنے والے نیمار کو ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے حیران کن طور پر سکواڈ میں شامل کیا تھا، جہاں وہ انجری کے باعث پہلے 2 میچز نہیں کھیل سکے تھے تاہم سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ سے انہوں نے اکتوبر 2023 کے بعد پہلی بار میدان میں واپسی کی تھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلین صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار جونیئرنے کہامیں نے پوری کوشش کی، یہ سب یہیں اسی سٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور میں نے یہیں اس کا اختتام کیا۔ اب یہ سب ختم ہو چکا ہے۔نیمار جونیئر کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی جانب سے انہیں شاندار بین الاقوامی کیریئر پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔