ڈونیڈن/پرتھ۔1اگست (اے پی پی):انگلینڈ، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور امریکہ کی فٹ بال ٹیمیں فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے ٹاپ16 رائونڈ میں پہنچ گئیں، انگلش ٹیم نے چائنا، ڈنمارک نے ہیٹی اور نیدرلینڈز نے ویتنام کو شکست دی ، یو ایس اے اور پرتگال کا میچ برابر رہا۔ فیفا کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی فٹبال ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں جاری ہیں۔ منگل کو نیوزی لینڈ کے ایڈن پارک میں یو ایس اے اور پرتگال کے درمیان کھیلا گیا گروپ مرحلے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا
تاہم یو ایس اے نے گروپ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہونے کے باعث ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ ڈونیڈن میں کھیلے گئے گروپ ای کے میچ میں نیدرلینڈز کی خواتین ٹیم نے حریف ویتنام کو باآسانی 7-0گولزسے شکست دے کر اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا، نیدرلینڈز کی ایسمی ورجینیا بروگٹس اور جل جیمی رورڈ نے دو، دو جبکہ لائیک الزبتھ پیٹرونیلا مارٹینز، کٹجا سنوئیز اور ڈینیئل وین ڈی ڈونک نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ہندمارش سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں انگلینڈ نے چائنا ک6-1گولز سے شکست دی۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمز نے دو گول کئے جبکہ راسو، ہیمپ ،
کیلی اور ڈالے نے ایک ایک گول کیا۔ چائنا کی طرف سے واحد گول وانگ نے کیا۔ پرتھ میں کھیلے گئے آخری میچ میں ڈنمارک نے ہیٹی کو2-0گولز سے زیر کیا، پارنیل ہارڈر نے 21 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ میچ کے اختتامی لمحات میں ٹرولس گارڈ نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو2-0گولز کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔