اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی وطن واپسی پر قوم کو بہت سی خوشخبریاں ملیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں جتنا بڑا پروٹوکول فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملا ہے تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، کسی بھی ملک کے آرمی چیف کو اتنا بڑا پروٹوکول کبھی نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیک بینچر تھے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے فرنٹ نہیں بلکہ ون ٹو ون پر آگئے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ آرمی چیف جنگ جیتا ہوا سپہ سالار ہے، دنیا بہادر اقوام کی قدر کرتی ہے ، امریکی صدر سے ایک گھنٹے ملاقات کا شیڈول تھا وہ بھی دو گھنٹے پر چلا گیا ، جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان کی کیا اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بہت پہلے بتا دیا تھا کہ بہت مثبت کام ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ معاشی اور دفاعی تعاون بڑھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وجہ سے دنیا میں ہمارا جھنڈا اور معیار بلند ہوا ہے اور دنیا کے ٹاپ فورم پر کھڑے ہو گئے ہیں جو کہ ہم نے 75 سال سے نہیں دیکھا۔