فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات سفارتی محاذ پر بہت بڑی کامیابی ہے، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی صحافیوں سے گفتگو

9
Khawaja Muhammad Asif
Khawaja Muhammad Asif

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات سفارتی محاذ پر بہت بڑی کامیابی ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ پاکستان کو جنگ میں کامیابی ملی ہے جس کے باعث معیشت بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار آرمی چیف کو اس طرح کھانے پر مدعو کیا گیاہے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جو بیانات آ رہے ہیں، اس سے واضح ہو رہا ہے کہ پاکستان فوجی،سفارتی اور معاشی میدان میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول اور ملٹری لیڈر شپ کے تعاون سے ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے امریکی صدر کی پاکستانی آرمی چیف کو دعوت اور ملاقات کی مثال نہیں، یہ تعلقات کی 78 سال کی تاریخ کاسب سے اہم موڑ ہے، اس ملاقات میں جس طرح بین الاقوامی اور خطہ کے معاملات زیر بحث آئے اس سے وطن عزیز کی اہمیت اجاگر ہوئی، پاکستان معاملات کو حل کرنے میں جس طرح مدد کر سکتا ہے اس اہمیت کو تسلیم کیا گیا، پاک بھارت تنارعات کی دوبارہ بین الاقوامی حیثیت اجاگر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ حکمرانی کے ہائبرڈ ماڈل کی کامیابی ہے، معیشت کی بحالی، ہندوستان کی شکست، امریکہ کے ساتھ تعلقات آبرومندانہ اور نہایت کامیاب بہتری، یہ سار ی انقلابی تبدیلیاں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تعاون سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے بہترین تعلق سے ممکن ہو سکیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ایران پر مشکل وقت ہے باقی برادر اسلامی ملکوں اور پڑوسیوں پر لازم ہے اس وقت ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔